وزارت اطلاعات و نشریات نے پیمرا کو ہدایت کی ہے کہ ان تمام چینلز کے خلاف کارروائی کی جائے جنہوں نے پاکستان اور آسٹریلیا کے میچز کے دوران سٹے بازی کی ویب سائٹس کی تشہیر کی اور ان کے لوگوز نشر کیے۔
وزارت اطلاعات نے پی ٹی اے کو بھی کہا ہے کہ وہ تمام بیٹنگ ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کرے۔
وفاقی وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری نوٹفکیشن میں کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کی براہ راست نشریات کے دوران 25 ستمبر 2023 اور 20 اکتوبر 2023 وزارت کو جاری ہدایات کی واضح خلاف ورزی کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔
نوٹفکیشن کے مطابق ’حوالہ شدہ ایڈوائزری کے ذریعے، وزارت نے سختی سے مشورہ دیا تھا کہ وہ کسی بھی قسم کے اشتہار کے ذریعے ان (سٹے بازی کی ویب سائٹس اور لوگوز) کی تشہیر نہ کریں اور ساتھ ہی ایسی سروگیٹ کمپنیوں کے ساتھ تمام موجودہ معاہدوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔
’اس کے علاوہ، ایڈوائزری میں معروف سروگیٹ کمپنیوں کی فہرست شامل کی گئی تھی۔‘
’تاہم، یہ دیکھا گیا ہے کہ کم از کم دو کمپنیوں کے لوگوز جن کا واضح طور پر پہلے ایڈوائزری میں ذکر کیا گیا ہے، بیان کردہ ایونٹ کی براہ راست نشریات کے دوران بلاتعطل انہیں ڈسپلے کیا گیا تھا جو کئی دنوں میں کئی گھنٹوں پر محیط تھا۔
نوٹفکیشن میں ہدایت کی گئی کہ بغیر تاخیر کے یقینی بنایا جائے کہ پیمرا سابقہ ایڈوائزری کی عدم تعمیل کی وجوہات اور ذمہ داروں کی چھان بین کرے اور اس سرکولیشن کے جاری ہونے سے ایک ہفتے کے اندر اس کی ایک کاپی جمع کروائے۔
نوٹفکیشن میں کہا گیا کہ قومی نشریاتی ادارے پی ٹی وی نے تمام سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں کی ڈیجیٹل پلیسمنٹ کو ہٹانے کے لیے ان کی پیرنٹ کمپنیوں کے ساتھ کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے۔ اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہتے ہیں، تو لائسنس دہندگان اور لائسنس دہندہ کے درمیان سمجھوتہ/معاہدہ ختم کر دیا جائے گا۔
نوٹفکیشن میں کہا گیا کہ پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 5 کے مطابق، پیمرا کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ پاکستان میں سٹے بازی کو فروغ دینے والی سروگیٹ کمپنیوں کی ممانعت سے متعلق قانون اور لائسنس کی شرائط کو نافذ کرے۔ قانون کی پابندی نہ کرنے کی صورت میں ایسے ٹی وی چینلز کے لینڈنگ رائٹس منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔
پی سی بی کو بھی 25 ستمبر 2023 اور 20 اکتوبر 2023 کو وزارت اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ٹی اے کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان میں ایسی تمام غیر قانونی سروگیٹ بیٹنگ، جوا اور کیسینو کمپنیوں کو روکے جو ایپس اور ویب سائٹس کے ذریعے کام کر رہی ہیں۔
نوٹفکیشن میں کہا گیا کہ پاکستان کی سرزمین پر ایسے کسی بھی مواد کی نگرانی اور اسے فوری طور پر بلاک کرنے کے لیے ایک فعال چوکس ونگ تشکیل دیا جانا چاہیے۔