وزیر اعظم نریندر مودی اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس میں حوثیوں کی دھمکی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے مال بردار بحری جہازوں پر حملے پر بات چیت کی۔ انھوں نے جہاز رانی اور عالمی معیشت کے تحفظ کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایرانی حمایت یافتہ یمنی حوثی ملیشیا نے بحیرہ احمر سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو راکٹوں سے نشانہ بنانے کا عمل تیز کردیا تھا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے بھارتی ہم منصب کے سامنے حوثیوں کا معاملہ اسی لئے اٹھایا۔
دونوں رہنماؤں نے بھارت سے مزدوروں کو اسرائیل لانے کی تجویز کو آگے بڑھنے کے بارے میں بھی بات چیت کی ، کیونکہ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے خطے میں کشیدگی ہے۔ غزہ جنگ کے بعد سے اسرائیل کو غیر ملکی مزدوروں کی کمی کا سامنا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اسرائیلی وزیر اعظم سے ہونے والی بات چیت سے متعلق سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر ٹویٹ بھی کیا۔
نریندر مودی نے ٹویٹ میں لکھا کہ بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ مفید تبادلہ خیال ہوا۔ ہم دونوں نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تنازع سمیت سمندری ٹریفک (مال بردار بحری جہاز) کی حفاظت سے متعلق بات چیت کی۔
بھارتی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ (غزہ جنگ کے) متاثرین کے لئے انسانی امداد جاری رکھنے اور خطے میں امن و استحکام کی جلد بحالی کے حق میں بھارت کے مستقل موقف کو اجاگر کیا گیا۔