محکمہ تعلیم سندھ کی ایک اور غفلت سامنے آگئی، بدین میں نئے تعلیمی سال کی درسی کتابیں کباڑ کی دکان پر فروخت کیلئے پہنچا دی گئیں۔
ایک طرف بدین کے تعلیمی اداروں میں درسی کتب کی قلت برقرار ہے تو دوسری جانب گولارچی میں کباڑ میں درسی کتابوں کی بڑی تعداد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
کباڑ کی دکان پر فروخت کیلئے پڑی کتابوں میں پہلی تا دسویں کلاس کی درسی کتابیں شامل ہیں۔
یہ درسی کتابیں موٹرسائیکل رکشہ میں لائی گئیں، درسی کتابوں کو کباڑ کی دکان پر دیکھ کر شہری جمع ہوگئے، رکشہ ڈرائیور شہریوں کو دیکھ کر رکشہ چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
کباڑی کا کہنا ہے کہ مجھے بتایا گیا بوریوں میں گتے ہیں، میں نے کتابیں نہیں خریدیں۔
ایک ماہ قبل بھی سیم نالے سے درسی کتب برآمد کی گئیں تھیں، پہلے واقعے کی تحقیقات ابھی مکمل نہیں کی جاسکی ہے۔