نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ امیر کویت نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر تعزیت کے بعد کویت سے واپس کوئٹہ پہنچ گئے۔
نگراں وزیراعظم نے کویت کے نئے امیر شیخ مشعل الاحمد الصباح سے ملاقات کی اور حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستانی قوم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں اپنے کویتی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، ریاست کویت نے ایک ایسے رہنما کو کھو دیا جنہوں نے اپنی بصیرت سے کویت کو ایک خوشحال ریاست میں تبدیل کیا، انہیں پاکستان کے خیر خواہ اور دوست کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مرحوم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
شیخ مشعل الاحمد الصباح نے دکھ کی اس گھڑی میں کویت کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان اور کویت کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم دورہ کویت مکمل کرکے کوئٹہ پہنچ گئے، نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آج کوئٹہ میں قیام کریں گے، جہاں امن وامان سے متعلق اجلاس میں شرکت اور قبائلی عمائدین سے ملاقات کریں گے۔