پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت عام اتخابات کے لیے ہونے والے اجلاس میں پارلیمانی بورڈ نے پنجاب بھر سے موزوں امیدواروں کے نام منظوری کے لیے پارٹی چئیرمین کو پیش کردیے۔
لاہور میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلزپارٹی پنجاب کے پارلیمانی بورڈ کا ہائبرڈ اجلاس ہوا۔
بلاول بھٹو زرداری کی منظوری کے لیے پیپلزپارٹی پنجاب پارلیمانی بورڈ نے پنجاب بھر سے موزوں امیدواروں کے نام پیش کیے۔
پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں تیر کے نشان پر الیکشن لڑنے کے خواہش مند امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں امیدواروں کے کوائف، عوامی رابطوں کی مضبوطی اور ماضی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس کے علاوہ پارلیمانی بورڈ نے امیدواروں کی ترقی پسند جمہوری سیاست سے نظریاتی وابستگی سمیت ان کی اہلیت اور استعداد کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا۔
اجلاس میں نیئر بخاری، رانا فاروق سعید، ثمینہ خالد گھرکی، حسن مرتضیٰ، شہزاد سعید چیمہ، اسلم گل اور سردار سلیم حیدر موجود تھے۔
اس کے علاوہ قمر زمان کائرہ، آصف بشیر بھاگٹ، تسنیم قریشی، سید عنایت علی شاہ، رائے شاہجہاں بھٹی اور مہر غلام فرید کاٹھیا نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں چوہدری منظور، ندیم افضل چن، اورنگزیب برکی، عامر پراچہ اور ذوالفقار علی بدر بھی موجود تھے۔
اس سے قبل سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پیپلزپارٹی کے رہنما سیف اللہ مگسی نے ملاقات کی۔
بلاول ہاؤس لاہور میں ہونے والی ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلز پارٹی کو بلوچستان کے عوام کے حقوق کا احساس ہے، بلوچستان کو صرف پیپلز پارٹی حقوق دے سکتی ہے۔
چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے باغبان پورہ میں پیپلزپارٹی کی درینہ کارکن زبیدہ شاہین کی عیادت کے لیے ان کی رہائش گاہ بھی گئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کامریڈ زبیدہ شاہین سے ان کی صحت سے متعلق خیریت دریافت کی۔