مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی تیسری مرتبہ ملک کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ مصری الیکشن اتھارٹی نے صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
ایک دہائی سے سب سے زیادہ آبادی والے عرب ملک پر حکمرانی کرنے والے سابق آرمی چیف اور صدر عبدالفتاح السیسی نے نئی چھ سالہ مدت کے لیے کامیابی حاصل کی ہے، انھوں نے 89.6 فیصد ووٹ لیے۔
الیکشن اتھارٹی کے سربراہ حزم بداوی کے مطابق ووٹنگ کی شرح 66 اعشاریہ 8 فیصد رہی جو ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ تھی۔ تین کروڑ 90 لاکھ سے زائد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
یاد رہے کہ مصر میں صدارتی انتخابات 2024 کے لیے 10 دسمبر سے 12 دسمبر تک ووٹ ڈالے گئے تھے۔ عبدالفتاح السیسی کا مقابلہ تین امیدواروں سے تھا۔ ریپبلکن پیپلز پارٹی کی قیادت کرنے والے حزم عمر کو 4.5 فیصد ووٹ ملے۔
عبدالفتاح السیسی اب اپنی تیسری اور آئین کے مطابق آخری مدت کے لیے اپریل میں کام شروع کریں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مصر کے بدترین معاشی بحران اور پڑوس میں واقعے غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ کے حوالے سے شدید کشیدگی کے باوجود السیسی کی کامیابی کوئی تعجب کی بات نہیں ہے۔