سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو کالعدم قراردینا ہوتا تو9 مئی واقعات کو بنیاد بنا کر جا سکتے تھے، امیدواروں کے نام فائنل ہونے پر اگلے ہفتے ن لیگ کی الیکشن مہم شروع ہوجائے گی۔
آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو کالعدم قراردینا ہوتا تو9 مئی واقعات کو بنیاد بنا کر جا سکتے تھے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ کیا کوئی نگراں وزیر 2 دن پہلے استعفا دے کرالیکشن لڑ سکتا ہے، ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں، بند کمروں میں ن لیگ کے امیدواروں کے انٹرویو ہو رہے ہیں، شیڈول کے مطابق الیکشن مہم چلائیں گے، ہماری 26 دن کی الیکشن مہم ہو گی۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ امیدواروں کے نام فائنل ہونے پر اگلے ہفتے ن لیگ کی الیکشن مہم شروع ہوجائے گی، ہم ورچوئل جلسے نہیں کریں گے، نواز شریف جلسوں سے خطاب کریں گے، ہم الیکشن کے لیے گلی کوچوں میں جا رہے ہیں۔
خرم دستگیر نے کہا کہ ہم سے سینیٹ الیکشن میں انتخابی نشان چھین لیا گیا تھا، ہمارے سینیٹ میں تمام امیدوار آزاد کھڑے ہوئے تھے، لیکن نوازشریف کسی سے نہیں لڑے، 2013 کا الیکشن شفاف کہا جاسکتا ہے، ملک کو گھبیر مسائل سے نوازشریف نکالا، سول بالادستی کے لئے ن لیگ نے جدوجہد کی، مہنگائی کا خاتمہ، روزگارفراہم کریں گے۔