Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2023 09:44pm

اسرائیلی گروپ کا مشتبہ سائبر حملے میں ایران کے 70 فیصد گیس اسٹیشنوں کو مفلوج کرنے کا دعویٰ

اسرائیل سے تعلق رکھنے والے گروپ نے مشتبہ سائبر حملے میں ایران کے 70 فیصد گیس اسٹیشنوں کو مفلوج کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق ایک ہیکنگ گروپ جس کا تعلق اسرائیل سے رہا ہے، اس نے پیر کے روز سائبر حملے میں ایران میں گیس اسٹیشنوں کو مفلوج کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ’شکاری چڑیا‘ کے نام سے مشہور اس گروپ کا کہنا ہے کہ اس نے ’ایران بھر میں گیس پمپوں کی اکثریت کو غیر فعال کر دیا ہے۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق تنظیم نے فارسی اور انگریزی میں جاری بیان میں کہا کہ یہ سائبر حملہ خطے میں اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کے آلہ کاروں کی جارحیت کے جواب میں کیا گیا ہے۔

گروپ نے دعویٰ کیا کہ اس نے متاثرہ گیس اسٹیشنوں کے ادائیگی کے نظام کے ساتھ ہر اسٹیشن کے مرکزی سرور اور مینجمنٹ سسٹم تک رسائی حاصل کرلی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دوسری طرف ایران کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ ملک کے تقریبا 70 فیصد گیس اسٹیشن پر سافٹ ویئر کے مسائل کا سامنا ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایران کے وزیر تیل جواد اوجی نے پیر کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سائبر حملے کی وجہ سے ملک بھر میں پمپوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی نے ملک کی وزارت تیل کے ایک بیان کا حوالہ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 30 فیصد سے زیادہ گیس اسٹیشن خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ملک میں تقریبا 33,000 گیس اسٹیشن ہیں۔

ایران کی گیس اسٹیشن ایسوسی ایشن کے ترجمان رضا نواز کے مطابق اس واقعے میں ’سائبر حملے‘ کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا تاہم انھوں نے کہا کہ پمپس سے سپلائی کا مسئلہ ملک بھر میں ہے اور اس کی وجہ کچھ تکنیکی خرابی ہے۔

Read Comments