Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2023 10:18pm

نگراں وزیرخارجہ اور ایرانی ہم منصب میں ٹیلی فونک رابطہ، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی اور ایرانی وزیرخارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں جلیل عباس جیلانی نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور ایران میں 15 دسمبر کے دہشت گرد حملے کی مذمت کی۔

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے آج ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، انہوں نے دو طرفہ اہمیت کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

جلیل عباس جیلانی نے مقبوضہ فلسطین بالخصوص غزہ کی مخدوش صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے جنگ بندی کی فوری ضرورت، محاصرہ ختم کرنے، غزہ کے لوگوں کو طبی سامان سمیت بلاتعطل انسانی امداد کی فراہمی اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی بنیاد پر مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے سفارتی کوششوں کے دوبارہ آغاز پر زور دیا۔

نگراں وزیر خارجہ نے 15 دسمبر کو جنوب مشرقی ایران میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت بھی کی، جس کے نتیجے میں متعدد ایرانی سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم پر زور دیا جو کہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے ایک اجتماعی چیلنج ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے تاریخ اور ثقافت سے جڑے پاکستان ایران برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اعلیٰ سطح کے دوروں کے تبادلے کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

حساس اسٹریٹجک مواد کی غیرقانونی برآمد سے متعلق تربیتی پروگرام

حساس اسٹریٹجک مواد کی غیرقانونی برآمد کے خلاف موثر کنٹرول سے متعلق کراچی میں کسٹم حکام کی دو روزہ تربیت مکمل ہو گئی۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق حساس مواد سے متعلق شرکاء کو بریفنگ دی گئی، شرکاء کو اسٹریٹجک برآمدی کنٹرول کو مؤثر نافذ کرنے کے لیے کسٹم حکام کو تربیت دی گئی۔

وزارت خارجہ کے اسٹریٹجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن نے تربیتی پروگرام ترتیب دیا، ورکشاپ کا مقصد کسٹمز افسران کی صلاحیت سازی اورتصوراتی معلومات کو بڑھانا ہے۔

Read Comments