Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2023 10:02pm

ووٹر فہرستوں کی تفصیل جاری، خواتین اور نوجوان انتخابی نتائج کا فیصلہ کرینگے

الیکشن کمیشن نے ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کے اعدادو شمار جاری کردئیے ہیں، جس کے مطابق پاکستان میں مجموعی طورپر 12کروڑ85لاکھ 85 ہزار 760 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔ دوسری طرف الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے صوبے بھر کے ڈی آر اوز سے بذریعہ آن لائن حلف لے لیا، جبکہ الیکشن کمشنر پنجاب میں عام انتخابات کے انتظامات سے متعلق اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔

انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن نے ووٹر فہرستوں کی تفصیل جاری کردی ہے، جس کے مطابق پاکستان میں مجموعی طورپر 12کروڑ 85لاکھ 85 ہزار 760رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں مرد ووٹرز کا تناسب 53 اعشاریہ 87 فیصد اور خواتین ووٹرز کی تعداد 46 اعشاریہ 13 فیصد ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مجموعی طور پرمرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار704 اور خواتین ووٹرزکی تعداد 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار56 ہے۔

اسلام آباد میں کل ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 83 ہزار 29 ہے، جن میں سے مردوں کی تعداد 5 لاکھ 68 ہزار 406 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 14 ہزار 623 ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں کل ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ہے، جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 91 لاکھ 22 ہزار 82 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 40 لاکھ 85 ہزار 814 ہے۔

سندھ میں مجموعی ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 46 لاکھ 12 ہزار 655 اور خواتین کی تعداد 1 کروڑ 23 لاکھ 82 ہزار 114 ہے۔

خیبر پختون خوا میں کل ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 ہے، صوبے میں مرد ووٹرز 1 کروڑ 19 لاکھ 44 ہزار 397 اور خواتین ووٹرز 99 لاکھ 83 ہزار 722 ہیں۔

ڈی آر اوز سے بذریعہ آن لائن حلف

الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے اپنے دفتر سے صوبے بھر کے ڈی آر اوز سے بذریعہ آن لائن حلف لے لیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ نے کہا ہے کہ ڈی آر اوز کی ٹریننگ کا عمل کل سے شروع ہوگا، حلف لینے کے بعد فوری طور الیکشن قوانین نافذ العمل ہو جائیں گے۔

الیکشن کمشنر پنجاب میں عام انتخابات کے انتظامات سے متعلق اجلاس

عام انتخابات کے لیے سیکیورٹی انتظامات سے متعلق الیکشن کمشنر پنجاب کی زیرصدارت اہم اجلاس میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر لاہور کے الیکشن انتظامات اور سیکیورٹی کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں عام انتخابات کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں عام انتخابات 2024ء کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی سٹی لاہور اور ڈی سی لاہور شریک ہوئے۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ افسران کے دفاتر کی سیکویرٹی کے علاوہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرلاہور کے الیکشن انتظامات اور سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔

الیکشن کمشنر پنجاب نے حکام کو ہدایت کی کہ الیکشن کے عمل کے دوران فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے اور انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

Read Comments