امریکی صدرجوبائیڈن کے قافلے میں شامل گاڑی سے دوسری گاڑی ٹکراگئی، امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوبائیڈن اور اہلیہ محفوظ رہے۔ ٹکر مارنے والے سیاہ فام شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔
ریاست ڈیلورکے علاقے ویلنگٹن میں صدرجوبائیڈن اور اہلیہ انتخابی مہم کے ہیڈ کوارٹر سے واپس جانے کی تیاری کررہے تھےکہ حادثہ پیش آیا۔
امریکی سیکرٹ سروس نے تصدیق کی ہے کہ بائیڈن کی گاڑی میں سوار ہونے کے بعد قافلے میں شامل ایک گاڑی کو دوسری گاڑی نے ٹکرمار دی۔
سیکرٹ سروس کے ترجمان اسٹیو کوپیک نے ایک بیان میں سی این این کو بتایا کہ آج رات 8 بج کر 9 منٹ پر صدر کے قافلے کے راستے کی حفاظت کرنے والی سیکرٹ سروس کی ایک گاڑی ولمنگٹن ڈی ای میں ایک اور گاڑی سے ٹکرا گئی۔ تاہم صدر کا قافلہ بغیر کسی نقصان روانہ ہوگیا۔
اس حادثے کی وجہ سے سڑک پر زوردار دھماکا ہوا۔ بائیڈن کے ساتھ سفر کرنے والے پول رپورٹرز کے مطابق امریکی سیکرٹ سروس نے حادثے کا سبب بننے والی سلور سیڈان کو گھیر لیا اور ڈرائیور سے کہا کہ وہ اپنے ہاتھ اوپر رکھیں۔پولیس نے سیاہ فام ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔
متاثرہ ایس یو وی صدر کی نہیں تھی۔ سیکرٹ سروس کے اہلکار صدر کو ان کی گاڑی تک لے گئے جہاں خاتون اول جل بائیڈن پہلے سے موجود تھیں۔
بائیڈن خاندان صدر کے 2024 کی انتخابی مہم کے صدر دفتر کا دورہ کر رہا تھا اور چھٹیوں کے موقع پر عملے کو مبارکباد دے رہا تھا۔