Aaj Logo

شائع 17 دسمبر 2023 07:13pm

عازمین حج کو راغب کرنے کیلئے وزارت مذہبی امور نے اطلاعات سے معاونت مانگ لی

اسپانسر شپ اسکیم کے تحت 25 ہزار کے کوٹے پر اب تک صرف 28 سو درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس کے بعد وزارت مذہبی امور نے خارجہ اور داخلہ کے بعد وزارت اطلاعات سے بھی معاونت مانگ لی ہے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے اسپانسر شپ اسکیم میں عازمین حج کو راغب کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں، اور اس حوالے سے وزارت مذہبی امور نے خارجہ اور داخلہ کے بعد وزارت اطلاعات سے بھی معاونت مانگ لی ہے۔

وزارت مذہبی امور نے منسٹری آف اوورسیز پاکستانیز اور وزارت اطلاعات کو خطوط لکھ کر درخواست کی ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی کے طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آگاہ کیا جائے۔

اسپانسر شپ اسکیم کے تحت 25 ہزار کے کوٹے پر اب تک صرف 28 سو درخواستیں موصول ہو سکی ہیں، جب کہ سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت 58 ہزار درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں، سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی آج اتوار کو بھی جاری رہی۔

ڈالرز میں درخواستیں جمع کرانے والے عازمین قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے، جب کہ اس بار 40 کے علاوہ 20 سے 22 روزہ مختصر دورانیہ کا حج بھی پہلی مرتبہ متعارف کرایا گیا ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق اس بار حج بدل اور پانچ برس میں حج کرنے والے افراد بھی درخواست دینے کے اہل ہیں، اور خواتین پہلی مرتبہ محرم کے بغیر حج کر سکیں گی، حج درخواستیں 22 دسمبر تک جمع کروائی جاسکتی ہیں۔

Read Comments