پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ 2018 میں بہت سی قوتوں نے ن لیگ کا راستہ روکنے کی کوشش کی، لیکن عوام نے ساتھ دیا، 2024 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن اکثریت سے کامیاب ہوگی۔
فیصل آباد میں کرسمس کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا تھا کہ 2012 میں بڑے سرمایہ کار پاکستان آنے کےلیے تیار نہیں تھے، عوام نے 2013 میں ہم پر اعتماد کیا تو ہم نے اس ملک سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ ختم کی۔
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ پاکستان میں 2012 میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ہو رہی تھی، نواز شریف کی قیادت میں ہم نے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی سے نجات دلائی، ن لیگ نے حکومت بنائی تو سی پیک آیا، ہمارے دور میں پوری دنیا نے کہا تھا کہ پاکستان نے اپنے مسائل پر قابو پا لیا ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن اکثریت سےکامیاب ہوگی، اور فیصل آباد کے دونوں صوبائی اور قومی حلقے جیتے گی۔ 2018 میں بہت سی قوتوں نے ن لیگ کا راستہ روکنے کی کوشش کی، لیکن اس وقت بھی مسیحی برادری نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا تھا۔