بڑی مشہور کہاوت ہے کہ ’جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے‘، اور یہ کہاوت کچھ اس طرح سچ ہوئی کہ جس نے بھی سنا حیران رہ گیا۔
امریکا میں ایک معجزہ رونما ہوا ہے، جہاں طوفان میں اڑنے والے ایک چار ماہ کے بچے کی جان کچھ اس طرح بچی کہ سب حیران رہ گئے۔
امریکی ریاست ٹینیسی میں ایک طوفان آیا، جہاں یہ بچہ اپنے والدین کے ساتھ ایک گھر میں موجود تھا، طوفان کی شدت اتنی تھی کہ اس نے گھر کی چھت کو اکھاڑ پھینکا اور اس دوران جھولے میں بیٹھا ہوا بچہ ہوا کی شدت سے جھولے سمیت طوفان میں کھنچا چلا گیا۔
ماں کو یقین تھا کہ اس کا بچہ اب زندہ نہیں بچا ہوگا۔
سڈنی مور نامی ماں نے میڈیا کو بتایا کہ جب ہفتہ کو کلارک وِل میں طوفان ان کے گھر سے ٹکرایا، تو اس نے چھت کو پھاڑ کر جھولے کو بچے سمیت اٹھا لیا۔
سڈنی نے بتایا کہ بچے کے والد نے جھولے کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی طوفان کی زد میں آگیا۔
اسی وقت سڈنی نے ایک اور کمرے میں موجود اپنے دوسرے ایک سالہ بیٹے کے اوپر چھلانگ لگائی اور دیواریں گرنے سے پہلے ہی بچے کو دبوچ لیا۔
سڈنی مور اور وہ ایک سالہ بچے ملبے کے نیچے دب گئے، لیکن وہ دونوں کو باہر نکالنے میں کامیاب ہو گئیں۔
سڈنی نے 10 منٹ تک اپنے چار ماہ کے بیٹے کی تلاش کی اور بالآخر انہیں وہ بچہ بارش میں ایک درخت میں پھنسا ہوا مل گیا۔
سڈںی نے کہا کہ ’مجھے پورا یقین تھا وہ مر چکا ہے اور ہم اسے ڈھونڈنے والے نہیں تھے، لیکن وہ یہاں موجود ہے، اور یہ سب کچھ خدا کے فضل سے ہوا ہے۔‘
اس فیملی کے تمام افراد کو صرف زخم آئے، لیکن ان کا گھر اور سامان مکمل تباہ ہوگیا۔