الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات 2024 کا شیڈول جاری کردیا، جس کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو منعقد ہوں گے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں اراکین نے عدالتی فیصلے کے بعد کی صورت حال پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے ممبران سمیت سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ڈی جی لاء اور دیگر شریک ہوئے۔
بعد ازاں چیف الیکشن کشمنر نے انتخابی شیڈول 2024 کی منظوری دی جسے الیکشن کمیشن نے جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں انتخابات 8 فروری 2024 کو منعقد ہوں گے، 20 سے 22 دسمبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے، جس کے بعد امیدواروں کے ناموں کی فہرست 23 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق 24 دسمبر سے 30 دسمبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی جبکہ 3 جنوری 2024 کو کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے پر اپیلوں کی سماعت ہوگی، 10 جنوری 2024 کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق 11 جنوری 2024 کو امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری کی جائے گی، 12 جنوری 2024 کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی، اسی طرح 13 جنوری 2024 کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے جبکہ پولنگ ڈے 8 فروری 2024 بروز جمعرات کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے آر اوز اور ڈی آر اوز کی ٹریننگ بھی بحال کردی، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آر اوز ، ڈی آر اوز کی ٹریننگ بحال کی گئی۔
پنجاب میں عام انتخابات ڈپٹی کمشنرز سے کرانے کا نوٹیفکیشنمعطل
ہائیکورٹ فیصلے کے بعد انتخابات کیلئے ڈی آر اوز، آر اوز کی ٹریننگ روکدی گئی
عام انتخابات کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، آر اوز کی تعیناتی کانوٹیفکیشن جاری
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے ریٹرننگ افسران (آر اوز) اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔