Aaj Logo

اپ ڈیٹ 15 دسمبر 2023 07:39pm

آرمی چیف کی امریکی حکام سے ملاقاتیں، مسئلہ کشمیر اٹھا دیا

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور امریکی عسکری حکام سے بھی ملاقاتیں کی ہیں، سربراہ پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بیرون ملک پاکستانیوں کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

سربراہ پاک فوج جنرل عاصم منیر ان دنوں دورہ امریکا پر ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل عاصم منیر نے دورے کے دوران اہم امریکی حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

آرمی چیف نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیر دفاع جنرل لائیڈ جے اسٹن سے ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اس کے علاوہ آرمی چیف نے چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس کیو براؤن، نائب امریکی وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ ،نائب امریکی قومی سلامتی مشیر جوناتھن فائز سے بھی ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی امریکی عسکری حکام سے ملاقاتوں میں دوطرفہ، عالمی اور بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دو طرفہ تعاون کی ممکنہ کوششیں جاری رکھنے پراتفاق کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ کی دفاعی حکام سے دفاعی تعاون کے شعبوں کو بنیادی اہمیت دینے پر گفتگو ہوئی اور ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بات کی، اور مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

آرمی چیف نے پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام استقبالیہ میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کی۔ اور ان کے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیئے ویزوں کی رکاوٹ، خصوصی اسکریننگ، اور اِس طرح کے دیگر گمراہ کن افواہوں کو رد کردیا، اور ایس آئی ایف سی، بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بیرون ملک پاکستانیوں کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کے سفیر اور اثاثہ ہیں۔

آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ امریکا پاکستان کے لیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے جو ہماری کل برآمدات کا 21.5 فیصد ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی نے کہا کہ افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں اور افواج کی پاکستان کے لئیے خدمات کو سراہا- جب کہ آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے لئیے اپنی بہترین خواہشات کا اظہار کیا۔

Read Comments