پاکستان شوبزانڈسٹری کی ماڈل واداکارہ صحیفہ جبارخٹک نے ذہنی مسائل اورڈپریشن کے سبب خودکشی جیسے خیالات آنے کا بتاتے ہوئے بہت سی باتیں شیئر کی ہیں۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر اداکارہ نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے مسائل اور مشکلات سے متعلق گفتگو کر رہی ہیں۔
ماڈل و اداکارہ نے لکھا کہ ’میری خواہش ہے کہ اس دنیا کو ایک بہتر جگہ بنایا جائے، میں زیادہ مسکراہٹیں اور کم آنسو دیکھنا چاہتی ہوں۔ میں گھروں کو صرف عمارتوں کے طورپردیکھنے کے بجائے بچوں کو بےخوف ہوکرکھیلتے دیکھنا چاہتی ہوں۔ ہمارے دل امن، شکر گزاری اور محبت سے بھرے ہوں۔ ہر انسان ہر طرح سے خوشی اور حفاظت کا مستحق ہے۔‘
صحیفہ جبار خٹک نے کہا کہ ’میں نے ہمیشہ محسوس کیا ہے کہ یہ دنیا مہربان جگہ نہیں ہے۔ ہم مہربان نہیں ہو سکتے لیکن ہم کچھ دوستوں کو بلا سکتے ہیں جو ہمارے لئے اچھا ثابت ہوسکتے ہیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’میں نے ایک دفعہ اپنے دوست سے کہا کہ میں خودکشی کررہی ہوں، میں 13 گولیاں کھا رہی ہوں، خضر بھی یہاں نہیں ہے، میں کچھ بھی کرسکتی ہوں۔ میرا دوست میرے گھر چلا آیا۔ میں نے سوچا کہ اگر وہ نہیں آتا تو میں اپنے ساتھ کچھ بھی کرسکتی تھی‘۔
صحیفہ جبار نے ڈپریشن سے متعلق مزید کہا کہ ’یہ خوفناک اور تکلیف دہ ہے۔ میں نے سوچا کہ جب خضر یہاں آئیں گے تو میں بہتر محسوس کروں گی لیکن کچھ نہیں ہوا۔ یہاں تک کہ جب میں کینیڈا میں تھی تو بھی ایسا ہی ہوا تھا۔ مجھے وہاں ایڈجسٹ ہونے میں 12 دن لگے تھے‘۔
سوشل میڈیا ٹرولنگ سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’میں عام طور پر محسوس کرتی ہوں کہ میں اپنے آپ کے لیے کچھ کروں گی، میں نے یہ بھی سوچا کہ دنیا ایک ایسی عجیب جگہ بن چکی ہے جہاں لوگ آپ پر طنز کرتے ہیں اگر آپ کیمرے پر ذہنی صحت کے بارے میں بات کرتے ہیں تو وہ سوچتے ہیں کہ یہ توجہ طلب کرنے والی گفتگو ہے‘۔
اس ویڈیو سے قبل بھی اداکارہ نے خود پر گزرنے والے مشکل وقت سے متعلق گفتگو کی تھی۔
صحیفہ جبار پاکستان کی ایک مقبول ماڈل اور اداکارہ ہیں۔ انہوں نے اب تک کئی پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کی ہے۔