سوشل میڈیا پر فوک گلوکار محمد اشرف ملک المعروف ملکو کی ایک وائرل ویڈیو گزشتہ روزخاصی وائرل ہوئی جس میں انہیں پولیس کے نرغے میں دیکھا جاسکتا ہے۔ کئی پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ملکو کو عمران خان کے لیے گانا گانے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی جانب سے سرگودھا میں 7 تا 13 دسمبر تک لوک میلے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ملکو کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
ملکو نے لوک میلے میں اپنی آواز کا جادو جگاتے ہوئے مختلف گانوں سے مداحوں کو محظوظ کیا تھا۔
اس میلے میں انہوں نے اڈیالہ جیل میں قید سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے لیے اپنا لکھا گیا گانا ’قیدی نمبر 804‘ بھی گایا تھا۔
سوشل میڈیا پرانہیں پولیس اہلکاروں کے ساتھ جاتا دیکھ کرسوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملکو کو مذکورہ گانا گانے پر گرفتار کیا ہے۔
تاہم گلوکار نے اردو نیوزسے گفتگو کے دوران اپنی گرفتاری سے متعلق افواہوں کی تردید کردی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ’سرگودھا لوک میلے میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ میں نے قیدی نمبر 804 گانا بھی گایا لیکن بہت زیادہ بھیڑ کی وجہ سے افراتفری پھیل گئی۔ اس لیے ہم نے وہاں موجود پولیس کی خدمات حاصل کیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’میں سرگودھا سے ہوں اور جب میں نے اُن کی بولی میں گانا گایا تو لوگوں نے اس قدر سراہا کہ وہاں پاؤں رکھنے کی جگہ نہ تھی۔ نہ سیڑھیوں سے اُترا جا رہا تھا اور نہ ہی چڑھا جا رہا تھا۔ لوگ سٹیج پر آنے کی کوشش کر رہے تھے‘۔
ملکو کے مطابق ’تقریب کے بعد منتظمین نے سکیورٹی کو بلایا تاکہ مجھے بحفاظت وہاں سے نکالا جائے۔ پولیس نے پروٹوکول میں مجھے گاڑی تک پہنچایا تاکہ کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔ اسی دوران کسی نے ویڈیو بنا کر شرارتاً سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ شروع کر دیا‘۔
ملکو نے بتایا کہ ’اگر مجھے گرفتار کیا جاتا تو حوالات میں میری تصویر آتی، جب کسی کو گرفتار کیا جاتا ہے تو ہتھکڑی لگ جاتی ہے اور ڈالےمیں بٹھا کر لے جایا جاتا ہے۔ لیکن مجھے تو پولیس نے میری ہی گاڑی تک پہنچا کر اپنا فریضہ ادا کیا ہے‘۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اس وقت سائفر کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں جہاں ان کا نمبر 804 ہے، پنجابی گلوکار نے عمران خان کی حمایت میں ’قیدی نمبر 804‘ گانا گایا تھا۔