خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشت گردوں نے پولیس لائن ٹانک پرحملہ کیا، پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں پانچوں دہشت گرد مارے گئے، فائرنگ کےتبادلے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ ٹانک پولیس کے مطابق عمارت کو مکمل طور پر کلئیر کردیا گیا ہے۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم انصارالجہاد نامی تنظیم نے قبول کی ہے۔ دوسری طرف باڑہ میں بھی دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا ، جس میں دو اہلکار شہید اور پانچ زخمی ہوئے، زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
دہشت گردوں نے صبح سویرے خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں واقع پولیس لائنز پر حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بہادر اہلکاروں کی جانب سے بھرپور مزاحمت کی گئی۔ جس کے نتیجے میں خودکش حملہ آور سمیت پانچوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز بھی پولیس کی مدد کیلئے بروقت پہنچیں، آپریشن کے دوران پانچوں کو دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 3 پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، پولیس کی جوابی کارروائی دہشت گردی کےخلاف عزم کا اعادہ کرتی ہے، سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں، ملک میں قیام امن کیلئے کوشاں ہیں۔
اس سے قبل حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں نے پولیس لائن میں داخل ہوتے ہی چار دستی بم پھینکے، اور ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا، خودکش دھماکے سے پولیس لائن کی چھت پر موجود دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ جب کہ ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر گوہر زمان سمیت دو اہلکار شہید ہوگئے۔ حملے کی ذمہ داری انصار الجہاد نامی تنظیم نے قبول کرلی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد مزید حملہ آوروں کی پولیس لائن میں داخلے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی جبکہ سیکیورٹی فورسز نے ٹانک ڈیرہ شاہراہ ٹریفک کے لئے بند کی، اور علاقے کو گھیرے میں لیا۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔
ڈی پی او افتخار شاہ نے بتایا تھا کہ حملے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ تین حملہ آور مارے گئے، پولیس کے مطابق کلیرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔
پولیس اے ایس آئی گوہر زمان، سپاہی احسان کی نماز جنازہ ڈی پی او آفس میں ادا کرنے کے بعد جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا۔
دہشت گردوں نے خیبر کی تحصیل باڑہ میں پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے مشترکہ نالہ چیک پوسٹ پر بھی حملہ کیا ، رات گئے عسکریت پسندوں کے حملے میں دو اہلکار شہید اور پانچ زخمی ہوگئے، زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا، شہداء میں نائیک مراد اور سپاہی غفار شامل ہیں، جبکہ زحمیوں میں نائب صوبیدار شفیع الرحمن، سپاہی شفیع اللہ،الیاس، صدام، لقمان اور ایک پولیس اہلکار طارق بھی شامل ہیں۔
جوابی کارروائی میں عسکریت پسند فرار ہوگئے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا۔
خیال رہے کہ 12 دسمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن کے علاقے میں دہشت گردوں نے ایک سیکورٹی چیک پوسٹ میں گھسنے کی کوشش کی اور ناکامی پر بارود بھری گاڑی پوسٹ سے ٹکرا دی تھی۔
دہشت گردی کارروائی کے نتیجے میں عمارت گرنے سے 23 فوجی شہید ہوگئے اور جھڑپ میں 6 دہشت گرد مارے گئے تھے۔