کمرے میں چلتے ہیٹر سے گیس بھر جانے کے نتیجے میں ماں اور اس چار بچے جاں بحق جب کہ بچوں کا باپ اسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش مبتلا ہے۔
ایبٹ آباد کے نواحی علاقے نواں شہر میں واقع ایک گھر میں گیس بھر جانے کے نتیجے میں دم گھٹ جانے سے ماں اور چار بچے جاں بحق اور گھر کا سرپرست اسپتال میں زیر علاج ہے۔
پولیس کے مطابق وقاص نامی شخص اپنی سمیت کچھ عرصہ قبل مانسہرہ سے شفٹ ہو کرنواں شہر میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہوا تھا، گزشتہ رات اپنے کمرے میں گیس کا ہیٹر چلا کر سوگیا گیس لیک ہونے سے کمرے میں گیس بھر گئی جس سے اس کے چار بچے اور بیوی جان بحق ہو گئی، جب کہ وہ خود اسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش مبتلا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سردی سے بچنے کے لئے موت کے منہ میں جانے سے بہتر ہے کہ احتیاط کی جائے اور رات کو گیس ہیٹر جلانے سے گریز کیا جائے تاکہ ایسے ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب جاں بحق ہونے والی ماں اور چار بچوں کو آہوں اور سسکیوں سے تدفین کردی گئی ۔ ایک گھر سے پانچ جنازے اٹھنے پر علاقے میں فضا سوگوار ہوگئی۔