پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے بانی پی ٹی آئی کے کیسز کے حوالے سے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی ماری ہے۔
آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ آج عمران خان کے جو خاص مشیر اور ساتھی تھے وہ عدالتوں میں جا کر وائس نوٹس اور میسیجز دکھا رہے ہیں کہ ہمیں عمران خان نے ہدایات دی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ’اسی نشاندہی کی وجہ سے تو میرا اُن (عمران خان) سے جھگڑا ہوا تھا‘۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ جو گواہ بن گئے میں نے خان صاحب کو کہا تھا کہ یہی آپ کے خلاف جائیں گے۔
انہوں نے عمران خان پر 9 مئی سے جڑے مقدمات اور فوج کی توہین اور اس کے خلاف کارروائی کے حوالے سے کہا کہ اس میں صرف عمران خان کو آپ سزا نہیں دیں گے بلکہ ’میاں صاحب کے اوپر فوج کی ہائی جیکنگ کا کیس ہے، پیپلز پارٹی کے اوپر اینٹ سے اینٹ بجانے کا کیس ہے، جنہوں نے بھی یہ باتیں کی ہیں، کسی کو بری الذمہ نہیں، جو مولانا صاحب کرتے آئے ہیں انہیں آپ بری الذمہ تو نہیں کر سکتے، آپ یہ تو نہیں کہہ سکتے کہ اس نے دو روپے والا نقصان کیا ہے اسے دس روپے والی سزا دو، نقصان تو سب نے کیا ہے باری تو سب کی آئے گی‘۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ پہلے عدالت نے نواز شریف کو سزا دی اب دوسری عدالت نے انہیں بری کر دیا، تو غلط فیصلے دینے والے ججوں کا ٹرائل کیوں نہیں کیا جاتا۔