Aaj Logo

اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2023 11:18pm

’انگلیاں اٹھنے سے پہلے الیکشن کو بچانا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی کا اداروں میں اثر و رسوخ ہے‘

ایم کیوایم پاکستان کے رہنماء مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم انگلیاں اٹھنے سے پہلے ہی الیکشن کو بچانا چاہتے ہیں، طویل عرصہ اقتدار میں رہنے سے پیپلزپارٹی کا اداروں میں اثر و رسوخ ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے الزام لگایا کہ پیپلزپارٹی کے پاس عوام کو بتانے کیلئے کچھ موجود نہیں ہے، اب پیپلز پارٹی نے قتل و غارت کر کے خوف و ہراس پھیلانا شروع کر دیا ہے، اگر پیپلزپارٹی کی اوپر کی لیڈر شپ اس قتل و غارت میں ملوث نہیں تو نیچے کے لوگوں کو روکیں۔

انھوں نے کہا کہ سابق پولیس افسر راؤ انوار زرداری صاحب کی ٹیم کا حصہ رہے ہیں انکے انکشافات کو سنجیدگی سے لینا چاہئے، پیپلزپارٹی کی لوکل قیادت بلاول بھٹو کے وزیراعظم بننے کی راہ میں بارودی سرنگیں بچھا رہی ہے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیوایم چیلنجنگ الیکشن کو شفاف ہوتے دیکھنا چاہتی ہے، سندھ میں پی پی پی 15 سال سے حکمراں جماعت ہے، 15 سال اقتدار میں رہنے سے پیپلزپارٹی کا اداروں میں اثر و رسوخ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں کرائے جانے والے گزشتہ بلدیاتی انتخابات کے نام پر مذاق کیا گیا، دوہزار تئیس کے بلدیاتی انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی، حد تو یہ ہے کہ ٹھپہ لگانے کیلئے بدنام زمانہ ڈاکوؤں کو استعمال کیا گیا، غضب تو یہ ہے کہ کھلے دھاندلی زدہ بلدیاتی انتخابات بھی الیکشن کمیشن نے درست قرار دیے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صوبائی الیکشن کمشنر نے حلقہ بندیوں سے متعلق ہمارے تمام اعتراضات کو رد کر دیا تھا، آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہمارے کیس کی سماعت تھی، کچھ حلقوں میں ہمارے اعتراضات دور ہوگئے۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ عدالت نے 3 حلقوں کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دی ہیں، ایم کیوایم عدالت میں اپنا مؤقف درست ثابت کرچکی ہے، آج ہمارے 9 میں سے 3 کیسز پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا۔ ایم کیوایم اپنا مقدمہ جیت گئی اور ہمارا مؤقف صحیح ثابت ہوا۔ چیف الیکشن کمشنر سے گزارش ہے کہ ہمارے دیگر 6 مقدمات بھی دیکھیں۔

یہ بھی پڑھیں :

نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں بھی بری کردیا گیا

ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ، آئی پی پی نے طریقہ کار مرتب کرلیا

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم الیکشن کو شفاف طریقے سے ہونا دیکھنا چاہتی ہے ہم انگلیاں اٹھنے سے پہلے ہی الیکشن کو بچانا چاہتے ہیں، حلقے خراب کر دو، ہاتھ پیر باندھ دو تو کیا یہ مذاق نہیں۔

Read Comments