Aaj Logo

شائع 11 دسمبر 2023 11:23pm

پاکستان میں روپوش برطانوی تربیت یافتہ 200 افغان کمانڈوز کو قبول کرنے سے لندن حکومت نےانکار کردیا

پاکستان میں پناہ گزین برطانیہ کے تربیت یافتہ اافغان اسپیشل فورسز کے تقریباً 200 ارکان کو طالبان کے زیر کنٹرول افغانستان واپس بھیجے جانے کا خطرہ ہے۔

اس صورتِ حال کو برطانیہ کے ایک سابق جنرل نے ”دھوکہ“ اور ”بے عزتی“ قرار دیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق ان فوجیوں نے پاکستان میں پناہ لی تھی، لیکن اب انہیں ملک بدری کا سامنا ہے۔

سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی طرف سے 2021 میں ان افغان اسپیشل فورسز کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے وعدوں کے باوجود اب ان کی برطانیہ نقل مکانی کی کوششیں ناکام نظر آتی ہیں۔

افغانستان میں برطانوی فوج میں خدمات انجام دینے والے جنرل سر رچرڈ بیرنز نے ان فوجیوں کی حفاظت میں برطانیہ کی ناکامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوغلے پن یا نااہلی کی عکاسی ہے اور دونوں میں سے کوئی بھی بات قابل قبول نہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پیچھے چھوڑے جانے کے نتیجے میں ان لوگوں کے لیے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں جنہوں نے برطانوی افواج کے شانہ بشانہ خدمات انجام دیں۔

ان افغان کمانڈوز کے خدشات کی تصدیق اس انکشاف کے ساتھ ہوئی ہے کہ حکومت برطانیہ نے ان اہم افغان سویلین رہنماؤں کو پناہ دینے کی اپیلیں مسترد کر دی ہیں جن کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔

مارچ 2022 میں برطانوی دفتر خارجہ کو بھیجے گئے ایک نجی خط میں 2006 سے 2014 کے درمیان صوبہ ہلمند میں برطانیہ اور امریکہ کے ساتھ تعاون کرنے والے 32 سابق گورنروں، پراسیکیوٹرز اور اہلکاروں کے گروپ کے لیے فوری مدد پر زور دیا گیا تھا۔

اسپیشل فورسز کے سپاہیوں کی طرح بہت سے اعلیٰ افغان اہلکاروں کی درخواستوں کے مسترد ہونے نے تنقید کو جنم دیا ہے۔

ان میں سے کچھ افراد کو درخواست دیے ہوئے ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے اس کے باوجود وہ اب بھی فیصلوں کے منتظر ہیں۔

جنرل رچرڈ بیرنز جو اس خط کے دستخط کنندگان میں سے ایک ہیں، انہوں نے ان افراد کے ساتھ کیے گئے عہد کو پورا کرنے میں کارکردگی اور ہمدردی کے فقدان پر مایوسی کا اظہار کیا۔

افغان اسپیشل فورسز کے ایک سپاہی، جس کی شناخت ”علی“ کے نام سے ہوئی ہے، اس نے برطانیہ کی طرف سے لاوارث چھوڑے جانے اور دھوکہ دہی کے بارے میں بات کی۔

انہوں نے برطانوی فوجیوں کے ساتھ تربیت اور آپریشن کے دوران قائم ہونے والے قریبی رشتے کو اجاگر کیا اور ان کے مشترکہ عزم اور قربانی پر زور دیا۔

ایلیٹ کمانڈو فورس ”333“ کے رکن علی نے افغانستان میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں اپنی اہم شراکت کا ذکر کیا۔

ان کی لگن کے باوجود، جب 2021 میں افغان ریاست کا خاتمہ ہوا تو علی انخلاء کی پرواز میں سوار ہونے سے قاصر رہا تھا،

علی اب پاکستان میں ہے جہاں وہ اب ملک بدری کے خوف میں زندگی گزار رہا ہے۔

ملک بدری کا سامنا کرنے والے تقریباً 200 کمانڈوز کے اعداد و شمار افغان سکیورٹی فورسز کے سابق ارکان کے نیٹ ورک کے ذریعے مرتب کیے گئے ہیں۔

سینئر برطانوی سفارتی ذرائع کے مطابق، یہ اعداد و شمار اگرچہ حتمی نہیں، لیکن دستیاب بہترین تخمینے تصور کیے جاتے ہیں۔

یہ مسئلہ صرف اسپیشل فورسز کے ارکان کو ہی لاحق نہیں بلکہ ان افغان شہریوں تک پھیلا ہوا ہے جنہوں نے برطانیہ کی مدد کی۔

ایک سابق ضلعی گورنر محمد فہیم نے برطانوی افواج کے ساتھ تعاون کے اپنے تجربات اور طالبان سے اب انہیں درپیش خطرات کے بارے میں بتایا۔

ان کے تعاون کے باوجود فہیم کی افغان ریلوکیشنز اینڈ اسسٹنس پروگرام (ARAP) کے ذریعے مدد کے لیے درخواست مسترد کر دی گئی، جس کے بعد وہ اب ایک ایسپائر ویزا کے ساتھ روپوشی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

اسپیشل فورسز اور سویلین ایپلی کیشنز دونوں کے مسترد ہونے نے تنقید کو جنم دیا ہے، جنرل رچرڈ بیرنز نے ان افراد کی طرف واجب ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکامی پر ذاتی شرمندگی کا اظہار کیا۔

وزارت دفاع نے اپنے اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہر اے آر اے پی درخواست کا انفرادی طور پر جائزہ شائع شدہ پالیسی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

چیلنجوں اور دھوکہ دہی کے باوجود، علی اور فہیم جیسے افراد برطانیہ کی افواج کے ساتھ اپنے کام پر فخر کا اظہار کرتے ہیں، اور مشترکہ اہداف کے حصول میں مشترکہ تجربات اور قربانیوں کو اجاگر کرتے ہیں۔

تاہم، دونوں ہی مایوسی اور ان لوگوں کی طرف سے لاوارث چھوڑے جانے کے احساس کا شکار ہیں جنہوں نے کبھی حمایت اور حفاظت کا وعدہ کیا تھا۔

Read Comments