Aaj Logo

اپ ڈیٹ 11 دسمبر 2023 11:26pm

آصف علی زرداری کا تاجکستان کے دریا سے بلوچستان کو سیراب کرنے کا منصوبہ کیا ہے؟

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئرمین آصف علی زرداری نے بلوچستان کو تاجکستان کے دریا سے سیراب کرنے کا منصوبہ پیش کردیا۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے ایک نقشہ پیش کیا، اس نقشے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ ان کا خواب ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ ’میری پروجیکٹس نہیں ہوتے میرے خواب ہوتے ہیں‘۔

انہوں نے نقشہ دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ تاجکستان ہے اور ان کے پاس بے شمار پانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تاجک صدر سے بات کی ہوئی ہے، یہ بلوچستان کیلئے میرا پلان ہے۔ تاجکستان سے سیدھا براستہ چین گلگت بلتستان پانی آتا ہے اور گلگت بلتستان کے دریا میں گرتا ہے، وہاں سے وہ پانی میں نے بلوچستان میں ڈالنا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ بلوچستان کی زمین سندھ اور پنجاب کی زرعی زمین سے زیادہ ہے، اس کو صرف پانی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس زمین کو زرخیز بنانے کا کام ڈیم سے نہیں ہوگا، قدرتی پانی ہمیں چاہئیے، پہاڑوں کی مٹی جسے بھل کہتے ہیں وہ آکر زمین پر جمتی ہے تو دو تین سال بعد زمین زرخیزی دکھاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دفعہ جب پانی آجائے تو بلوچستان سے ہمیں سپر فائن کپاس حاصل ہوگی۔

خیال رہے کہ آصف زردای تاجکستان کے جس دریا کی بات کر رہے ہیں اس کا نام ”وخش“ ہے۔

دریائے وخش، جسے شمال وسطی تاجکستان میں سُرخاب اور کرغزستان میں کیزیل سو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایک وسطی ایشیائی دریا ہے، اور تاجکستان کے اہم دریاؤں میں سے ایک ہے۔

یہ نہ صرف تاجکستان کے لیے پانی کا ایک بہت اہم ذریعہ ہے، بلکہ آمو دریا کی سب سے بڑی معاون ندیوں میں سے ایک کے طور پر ازبکستان اور ترکمانستان میں زرعی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے پانی کی بڑی مقدار فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی لمبا نہیں صرف دوسال کا پروجیکٹ ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب آصف علی زرداری نے تاجکستان کا دریا بلوچستا تک لانے کی بات کی ہو۔

اپریل 2017 میں آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ بھارت پاکستان کا پانی نہیں روک سکتا کیونکہ اسلام آباد نے پہلے ہی اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے دوسرے چینلز تلاش کر لیے ہیں۔

ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے ملک کے آبی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں پانی کہاں سے آئے گا، اور میں ان سے کہتا ہوں کہ پانی وسطی ایشیا سے آئے گا، اور میں لے کت آؤں گا‘۔

انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ آنے والے دنوں میں پانی پر جنگیں ہوں گی۔ ہم نے پہلے ہی پانی کے لیے دوسرے چینلز تلاش کر لیے ہیں اور انشااللہ ان چینلز سے سب سے پہلے بلوچستان مستفید ہو گا۔

Read Comments