پاکستان پیپلز پارٹی کے سنئیر رہنما فیصل کریم کُنڈی نے مطالبہ کیا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کی سماعت براہ راست نشر کی جائے۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ’پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کو اُس وقت کے ڈکٹیٹر نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت 4 اپریل 1979 کو پھانسی دلوائی تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی سابق وزیرِ اعظم جنہوں نے پاکستان کو آئین دیا پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا مسلم سربراہی کانفرنس کی، اور جو ذولفقار علی بھٹو نے پوری دنیا میں کردار ادا کیا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’آصف علی زرداری جب پاکستان کے صدر تھے تو انہوں نے 4 اپریل 2010 کو صدارتی ریفرنس بھیجا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا ہے اس کا ٹرائل ہونا چاہیے، سالوں کی جدوجہد کہ بعد اب سپریم کورٹ نے کیس لگایا ہے اور منگل کو ذوالفقار علی بھٹو کا کیس پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سنا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا ’پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی درخواست دی ہے کہ انہیں بھی اس کیس میں پارٹی بنایا جائے، مزید یہ کہ منگل کو پیپلزپارٹی اپنے وکلا کے ساتھ سپریم کورٹ میں ہوں گے تاکہ دنیا کو بتایا جائے ذوالفقار علی بھٹو کا قتل کیسے ہوا۔‘
فیصل کریم کُنڈی نے اپنے بیان میں سپریم کورٹ سے یہ اپیل اور مطالبہ بھی کیا کہ ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کا ٹرائل لائیو دکھایا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’اس سے پہلے بھی ایک کیس لائیو دکھایا گیا تھا تو ہمارا مطالبہ ہے ذوالفقار علی بھٹو کے کیس کو بھی لائیو نشر کیا جائے۔‘