Aaj Logo

شائع 10 دسمبر 2023 11:18am

عالمی برادری فلسطینی عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلے کا حق دے، وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کاحق دے اور کشمیروں کے حقوق کے لئے بھارت پر بھی دباؤ ڈالا جائے۔

انسانی حقوق کےعالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان انسانی حقوق کےعالمی منشورکی حمایت جاری رکھے گا، اور بلاتفریق انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کوشاں رہے گا، پاکستان نے ملکی، بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، 5 اگست 2019 کےغیرقانونی بھارتی اقدامات کا مقصد کشمیر میں آبادیاتی تبدیلی ہے، عالمی برادری کشمیریوں کے حقوق کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

انوار الحق کا کہنا تھا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم باعث تشویش ہیں، اسرائیل غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہاہے، فلسطین میں خواتین،بچوں سمیت ہزاروں افرادشہیدہوچکےہیں۔

وزیراعظم نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال سب کے سامنے ہے، عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے کوششیں کرے، اور فلسطینی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دے۔

Read Comments