پاک امریکا تعلقات اور دیگر امور پر مذاکرات کے لیے امریکی اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پہنچنے والے امریکی وفد کی قیادت پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری الزبتھ ہورسٹ کررہی ہیں جوکہ 12 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گی۔
ذرائع کے مطابق الزبتھ ہورسٹ دورہ پاکستان کے دوران نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کریں گی جس میں پاک امریکا تعلقات میں بہتری اور باہمی تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوگی۔
پاک امریکا وفود کے درمیان ملاقاتوں میں پاکستان افغانستان میں کالعدم تنظیموں اور محفوظ پناہ گاہوں و دہشت گردوں کی فہرستوں کا معاملہ بھی اٹھے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
ملاقات میں پاکستان کے خلاف دہشت گردی، افغان سرزمین استعمال ہونے پر گفتگو، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کےخاتمے کی حکمت عملی پرمشاورت کی جائے گی۔
اس کے علاوہ ذرائع نے بتایا کہ افغانستان کے لیے امریکی خصوصی ایلچی تھامس ویسٹ گذشتہ رات پاکستان سے دوحہ روانہ ہو گئے ہیں۔
تھامس ویسٹ نے جلیل عباس جیلانی، پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی، پاکستان میں یو این ایچ سی آ، آئی او ایم اور بین الاقوامی شراکت داروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔