پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کیس کے صدارتی ریفرنس کے قانونی پہلو پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ریفرنس کی سماعت کے موقع پر پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت بھی سپریم کورٹ موجود ہوگی۔
سپریم کورٹ میں شہید ذوالفقارعلی بھٹو ریفرنس کی سماعت کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت میں پیپلزلائرز فورم کے عہدیداران و قانونی ماہرین کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں 12 دسمبر کے سپریم کورٹ کیس اور پارٹی کی سینئر قیادت کی سماعت میں موجودگی کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
اہم بیٹھک میں نیئر بخاری، فیصل کریم کنڈی، رضا ربانی اور آمنہ پراچہ شریک ہوئیں جبکہ فاروق ایچ نائیک اور شہادت اعوان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں قاضی بشیر، بہرام خان ترین، راحیل کامران چیمہ، ساجد تنولی، گوہر رحمان خٹک، قاضی بشیر، غیاث الحق اوراسرارعباسی بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 9 رکنی لارجر بینچ 12 دسمبر کو ذوالفقار علی بھٹو قتل کیس کی سماعت کرے گا۔