راولپنڈی پولیس نے عادل راجہ کی جائیداد نیلامی کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا، ایس ایچ او تھانہ نصیر آباد نے مقامی عدالت سے باضابطہ رجوع کرلیا۔
سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مہم چلانے والے عادل راجہ کی جائیداد نیلامی کے لیے راولپنڈی کے تھانہ نصیر آباد پولیس نے مقامی عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سزا یافتہ عادل راجہ کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں شہری محمد مسکین بٹ کی درخواست پر مقدمہ درج ہے، ملزم عادل راجہ کے خلاف مقدمے کا چالان جمع کرادیا، ملزم اشتہاری ہے، ملزم ڈیڑھ سال سے دانستہ طور پر گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرون ملک میں روپوش ہے۔
درخواست میں عادل راجہ کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
ایس ایچ او تھانہ نصیر آباد نے مقامی عدالت کو درخواست کرتے موقف اپنایا ہے کہ مقدمہ نمبر 848 کے ملزم کے اثاثہ جات بشمول 2 قیمتی پلاٹ، 2 گاڑیاں اور ایک فلیٹ کی نیلامی کا حکم صادر کیا جائے۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم ملتے ہی عادل راجہ کے دو پرائیوٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹ، ایک اپارٹمنٹ اور دو گاڑیوں کی نیلامی کردی جائے گی، پولیس نے نیلامی ضابطہ کے تحت تمام کارروائی مکمل کرلی ہے۔