مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اٹھارویں ترمیم کی بنیاد پر الیکشن سلوگن بنانا چاہتے ہیں، وہ چھوٹے صوبوں کو خوفزدہ کرنا چاہ رہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم میں اضافہ تو ہو سکتا ہے، کمی نہیں اور صوبوں کو مزید اختیارات دیے جا سکتے ہیں، نواز شریف کے دورہ سندھ کی حتمی تاریخ کا فیصلہ نہیں ہوا تاہم وہ جلد سندھ جائیں گے۔
رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری سے نواز شریف کی ملاقات میں کوئی چیز رکاوٹ نہیں ہے،ہم پیپلز پارٹی کیخلاف الیکشن لڑیں گے اور سب جماعتوں کے قائدین کی عزت کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاسی جماعتوں سے سیاسی مقابلہ ہے لیکن ان سے ذاتی لڑائی نہیں ہے۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے آئندہ حکومت ن لیگ بنانے جارہی ہے، تحریک انصاف اب گوہر خان کی جماعت ہے، ہر حلقے سے 6 سے 8 درخواستیں آئی ہیں، آج ہم نے ضلع جھنگ کو مکمل کیا ہے، ہر حلقے سے ایک امیدوار ہی الیکشن میں حصہ لے گا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کچھ افراد کا باضابطہ طور پر ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا جارہا ہے، انٹرویوز مکمل ہوتے ہی امیدواروں کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔
سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ ن لیگ کے نقظہ نظر میں جھنگ کا ضلع 2018 میں خالی تھا، پی پی 129 سے خالد غنی،پی پی 127 سے شیخ محمد یونس، پی پی 267 سے رئیس محمد ابراہیم، پی پی 131سے فیصل حیات، شیخ یعقوب اور ان کی اہلیہ، این اے 189سے ریاض خان مزاری، پی پی297 سے دوست محمد خان ن لیگ میں شامل ہوئے ہیں۔
رانا ثناللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک کو بحران سے نکالنے کاوعدہ کیا ہے، ہمیں یقین ہے آئندہ حکومت ن لیگ بنانے جارہی ہے، برے وقت میں کھڑاہونا بہت اچھا عمل ہے، تحریک انصاف اب گوہر خان کی جماعت ہے۔