پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انتخابات کے التواء کی منظم کوششوں کو مکمل طور پر مسترد کردیا۔
انتخابات کی تاریخ کے تعیّن و اعلان کے بعد انتخابات کو غیرآئینی و غیر قانونی طور پر التواء میں ڈالنے کی منظم کوششوں کو پاکستان تحریک انصاف نے مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔
تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے 8 فروری 2024 کی طے شدہ تاریخ پر انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انعقاد کا مطالبہ دہرا دیا۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے آزادانہ و منصفانہ انتخابات کا انعقاد اہم ضرورت ہے، قومی انتخابات کی راہ میں روڑے اٹکانے والے دستور، جمہوریت، عوام کے ووٹ کے حق اور ملکی مفاد کے بدترین دشمن ہیں، انتخابات میں التواء پاکستان کو دستور سے مکمل طور پر محروم کرنے اور ملک کو سیاسی عدمِ استحکام کی لپیٹ میں دینے کا شرمناک اور قابلِ تشویش منصوبہ ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں موجود چاروں صوبائی اور مرکزی نگران حکومتیں بالکل غیرآئینی اور غیرقانونی ہیں جبکہ دستور میں غیرمنتخب اور آئینی مدت کے بعد نگران حکومتوں کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ پہلے پنجاب اور پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات ، پھر 90 روز کی آئینی مدت میں الیکشنز کے بارے میں درخواست کے معاملے پر انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے دستور کی منشا کو وضاحت سے طے کرچکی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ دستور سے بدترین انحراف کا خمیازہ ملک اور قوم سنگین معاشی تباہی کی صورت میں بھگت رہے ہیں، ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے عوام کے ووٹ کو فیصلہ کن حیثیت دینا اور آزادانہ و منصفانہ انتخاب کا انعقاد ناگزیر ضرورت ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخاب کے التوا کی درخواستوں پر وقت ضائع کرنے کی بجائے صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔