بالی ووڈ کے ”شاہ“ شاہ رخ خان کی نئی فلم ”ڈنکی“ کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی ہے۔
اس ٹریلر کی ریلیز کے ایک دن بعد، شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر مداحوں کے ساتھ سوال و جواب کا ایک سیشن ”آسک ایس آر کے“ رکھا، اور کئی سوالوں کے دلچسپ جواب دیے۔
اسی دوران ایک مداح نے کنگ خان سے پوچھا کہ فلم میں غیر اخلاقی مناظر تو نہیں؟ جس پر شاہ رخ خان سے انتہائی دلچسپ جواب دیا۔
مداح نے سوالیہ ٹویٹ میں لکھا، ’سر ڈنکی میں (غیر اخلاقی مناظر) تو نہیں ہیں نا؟ پاپا کے ساتھ دیکھ سکتے ہیں؟‘
جس پر شاہ رخ خان نے جواب دیا ’غیر اخلاقی مناظر تو نہیں، لیکن ٹکٹوں پر ٹیکس ضرور ہوگا، ڈیڈی سے لے لینا۔‘
خیال رہے کہ شاہ رخ خان ”ڈنکی“ میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، فلم کی دیگر کاسٹ میں تاپسی پنوں، وکی کوشل، بومن ایرانی اور دیگر شامل ہیں۔
امکان ہے کہ معروف اداکار دھرمیندر، ستیش شاہ اور پرکشٹ ساہنی بھی اس میں اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔
یہ فلم جیو اسٹوڈیوز، ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور راجکمار ہیرانی فلمز کی پیشکش ہے۔
ڈنکی کو راجکمار ہیرانی اور گوری خان نے پروڈیوس کیا ہے۔
ابھیجیت جوشی، راجکمار ہیرانی، اور کنیکا ڈھلون کی تحریر کردہ یہ فلم 21 دسمبر 2023 کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی ہے۔
اس فلم کے ٹریلر میں شاہ رخ خان کو مختلف کرداروں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ کہیں وہ ایک نوجوان اسٹوڈنٹ ہیں تو کہیں ایک بڑی عمر کے آدمی، کہیں انہیں ”ڈنکی“ کے کردار میں بھی دیکھا جاسکتا ہے جو فلم کا اصل موضوع ہے۔
فلم کے ٹائٹل سے تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومے گی جو غیرقانونی طور پر ایک ملک سے دوسرے ملک لوگوں کو لے جانے میں مدد دیتا ہوگا، کیوں کہ ڈنکی کے پیشے سے منسلک لوگ یہی کام کرتے ہیں۔
فلم کا ٹریلر بتاتا ہے کہ کہانی ہارڈی نامی ایک نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو 1995 میں لالٹو نامی قصبے میں اپنے چار دوستوں کے ساتھ ہنسی خوشی زندگی بسر کر رہا ہوتا ہے، ایک واقعہ ان تمام افراد کی زندگی کو ہمیشہ کے لیے بدل دیتا ہے جس کے بعد وہ لالٹو ہی نہیں، بھارت سے باہر جانے کا فیصلہ کرتے ہیں۔
فلم کے ٹریلر میں انگریزی کو موضوع بحث بناکر پیش کیا گیا ہے، جب شاہ رخ خان کے کردار ہارڈی کا دوست ایک ویزہ انٹرویو میں انگریزی نہ آنے کی وجہ سے فیل ہوجاتا ہے تو وہ باقی دوستوں سے سوال کرتا ہے کہ جب انگریزوں سے ہندوستان آتے وقت ہندی آنے کا نہیں پوچھا گیا تھا تو انگلستان جانے والوں سے انگریزی کے بارے میں کیوں پوچھا جاتا ہے۔
اس فلم کے ذریعے معروف اداکارہ تاپسی پنوں پہلی مرتبہ شاہ رخ خان کے مدمقابل کام کررہی ہیں جب کہ وکی کوشل کو بھی ایک انوکھے کردار میں دیکھا جاسکتا ہے۔
ہدایت کار راج کمار ہیرانی کی تمام فلموں میں کام کرنے والے بومن ایرانی بھی اس فلم کی کاسٹ میں بطور انگلش ٹیچر شامل ہیں۔
”ڈنکی“ کے ٹریلر میں کامیڈی کے ٹچ کے ساتھ ساتھ ٹریجڈی کا بھی رنگ ہے جو راج کمار ہیرانی کا ٹریڈ مارک ہے۔
شاہ رخ خان کو نہ صرف ایک ینگ ٹو اولڈ (یعنی جوان سے بوڑھے) کے روپ میں دکھایا گیا ہے بلکہ ٹریلر میں انڈر واٹر سین، کار چیس اور فائٹ سیکوینس کی بھی جھلک دکھائی گئی ہے۔