آسٹریلوی پرائم منسٹر الیون کے خلاف 4 روزہ پریکٹس میچ کا پہلا روز پاکستانی بلے بازوں کے نام رہا، کپتان شان مسعود کی ناقابل شکست 156 رنز کی بدولت پاکستان نے 6 وکٹوں پر 324 رنز بنا لیے۔
کینبرا میں پاکستان اور آسٹریلوی وزیراعظم الیون کے درمیان 4 روزہ میچ کا ٹاس آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کیا اور اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں میں بیگی گرین کیپس بھی تقسیم کیں۔
شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، 4 روزہ میچ میں شاہین آفریدی اور حسن علی کو آرام دیا گیا۔
پاکستان ٹیم نے پہلے روز کے کھیل میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنالئے، کپتان شان مسعود 156 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
سرفراز احمد نے 41، بابر اعظم نے 40، عبداللہ شفیق نے 38، امام الحق 9، سعود شکیل 13 اور فہیم اشرف 17 رنز بناسکے۔
پرائم منسٹر الیون کی جانب سے باولنگ میں جارڈن بکنگھم نے تین، مارک سکیٹی، میک انڈریو اور ٹوڈ مرفی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پہلے روز 89 اعشاریہ 4 اوورز کا کھیل ہوا۔