لاہور کے مختلف علاقوں میں 29 غیر قانونی چنگ چی رکشوں کی باڈی بنانے والی فیکٹریاں سیل کردی گئیں جبکہ 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
لاہور میں انسانی جانوں کے لیے غیر محفوظ چنگ چی رکشے بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں قائم 29 غیر قانونی چنگ چی رکشوں کی باڈی بنانے والی فیکٹریاں سیل کردی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کے مطابق غیر قانونی کام میں ملوث 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے، لائسنس اور منظوری کے بغیر چنگ چی رکشوں کی باڈی بنانا غیر قانونی ہے، موٹرسائیکل کو غیرقانونی طور پر رکشہ یا لوڈر رکشہ بنانے کی اجازت نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیار پر پورے اترنے والی لائسنس یافتہ کمپنیاں ہی لوڈر رکشہ بنانے کی مجاز ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب حکومت نے غیر رجسٹرڈچنگ چی رکشے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
فیصلے کے مطابق پنجاب بھر میں چنگچی رکشہ کی رجسٹریشن، کمپنیوں کو ریگولرائز کیا جائے گا جبکہ رجسٹرڈ نہ ہونے والے چنگچی رکشوں کو پہلے بڑے شہروں سے نکالا جائے گا۔