نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے لاہور میں بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ کاروبار کے فروغ کیلئے اس سینٹر سے 20 صوبائی اور وفاقی محکموں کے 106 این او سیز صرف 15 روز میں جاری ہو سکیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے برق رفتار ون ونڈو آپریشن کا آغاز کر دیا۔
محسن نقوی نے صوبائی کابینہ اور چین و ترکیہ کے قونصل جنرل کے ہمراہ صوبے کے پہلے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کا پہلا بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر فنکشنل کرنے کیلئے محکمہ صنعت اور لاہور چیمبرز آف کامرس نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کو این او سیز کے حصول کیلئے بہت مشکل ہوتی تھی۔ فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور ملتان میں بھی 30 دن کے اندر 5 بزنس فیسیلیٹیشن سینٹرز فنکشنل کر دیئے جائیں گے۔
ترکیہ اور چین کے قونصل جنرل نے بھی پنجاب حکومت کے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر بنانے کے اقدام کو سراہا۔