کے الیکٹرک سمیت بجلی کمپنیوں کی جانب سے ایوریج بل بھیجنے اور 30 دن سے زائد بلنگ کرنے کا انکشاف ہوا، جس کے بعد نیپرا نے تمام بجلی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
نیپرا کی جانب سے کئی گئی ایک انکوائری میں تصدیق ہوئی ہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیاں غلط میٹر ریڈنگ کر رہی ہیں جس پر نیپرا نے تمام بجلی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا ہے۔
نیپرا نے کارروائی کا اعلان پیر کو جاری کیے گئے ایک اعلامیے میں کیا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کو شکایات موصول ہوئی تھی کہ بجلی کمپنیوں کی جانب سے ایوریج بجل بھیجے جا رہے ہیں یا 30 دن سے زائد کی ریڈنگ کرکے بل بھیجے جاتے ہیں۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں نیپرا کے دفاتر کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ جولائی اور اگست 2023 میں بجلی صارفین کو زائد، بڑھا چڑھا کر اور غلط بجلی بل بھیجے گئے ہیں، ان شکایات پر نیپرا نے تمام تقسیم کار کمپنیوں کے کے خلاف تحقیققات کا فیصلہ کیا اور وزارت توانائی کو بھی سماعت کے لیے مدعو کیا، اس حوالے سے 13 ستمبر کو سماعت ہوئی جس میں تمام بجلی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران نے آن لائن شرکت کی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران یہ بات نوٹ کی گئی کہ متعدد تقسیم کار کمپنیاں میٹر ریڈنگ وصول کر رہی ہیں، جس کے تحت اسنیپ ریڈنگ صارفین کے بلوں میں درج ریڈنگ سے مختلف ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ دوسرے معاملات میں، میٹر ریڈنگ کی تصویریں یا تو پوشیدہ ہوتی ہیں یا جان بوجھ کر نہیں لی جاتیں۔ اسی طرح، کچھ معاملات کی اطلاع ملی کہ میٹر کی ماہانہ ریڈنگ 30 دن کے بلنگ سائیکل سے آگے کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں کم استعمال کنندہ صارفین کو اوپری سلیب بلوں کی غیر مناسب/بڑھائی ہوئی چارجنگ کی وجہ سے، زمرہ کو محفوظ سے غیر محفوظ میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
نیپراکی طرف سے جاری انکوائری رپورٹ کے مطابق ڈسکوز کی جانب سے صارفین سے اوور بلنگ ثابت ہونے پر نیپرا اتھارٹی کی جانب سے ملوث ڈسکوز کو نوٹسز جاری کردیے گئے۔
نیپرا رپورٹ میں واضح کیا کہ ڈسکوز نے بجلی صارفین سے جولائی اور اگست کے زائد بل وصول کیے، بجلی صارفین سے اوور بلنگ کر کےڈسکوز نے نااہلی کا مظاہرہ کیا ہے، کم بجلی استعمال والے صارفین سے اوور بلنگ کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اوور بلنگ کیلئے فالٹی میٹر تبدیل نہ کرنے کا طریقہ کار اپنایا گیا جو ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی صارفین کے ساتھ بد دیانتی کے مترادف ہے، میٹر کی ریڈنگ تصاویر بھی نہیں لگائی گئیں۔
ڈسکوز کی جانب سے لاکھوں صارفین سے کنزیومر سروس مینول کی خلاف ورزی ثابت ہوئی ہے ، نیپرا اتھارٹی نے ڈسکوز کی اوور بلنگ شکایات پر 3 افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اووربلنگ سے مجموعی طور پر ایک کروڑ صارفین متاثر ہوئے، جن میں 51 لاکھ سے زائد صارفین کو 32 دن، 25 لاکھ صارفین کو 33 دن جبکہ 10 لاکھ سے زائد صارفین کو 34 دن کے بل بھیجے گئے ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 5 لاکھ سے زائد صارفین کو 35 دن کے بل، 3 لاکھ سے زائد صارفین کو 36 دن کا بل، 2 لاکھ 36 سے زائد صارفین کو 37 دن کے بل بھیجے گئے ہیں۔
اسی طرح 2 لاکھ 13 ہزار سے زائد صارفین کو 38 دن کے بل، 2 لاکھ 8 ہزار بجلی صارفین کو 39 دن جبکہ 2 لاکھ 49 ہزار سے زائد صارفین کو 40 دن سے زائد کا اضافی بل بھیجنے کے ثبوت بھی سامنے آئے ہیں۔