سوزوکی موٹر نے اقلیتی شیئر ہولڈرز کے حصص کم از کم 406 روپے فی حصص خریدنے کی تجویز پیش کردی ہے۔
بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق پاک سوزو کی موٹر کمپنی (پی ایس ایم سی) کے اکثریتی حصص دار سوزوکی موٹر کارپوریشن (ایس ایم سی) نے 22.14576 ملین عام حصص خریدنے کی تجویز پیش کی ہے جو ادا شدہ سرمائے کا 26.91 فیصد بنتا ہے۔
پیر کے روز اپنے نوٹس میں پی ایس ایم سی نے کہا ہے کہ سوزوکی موٹر کارپوریشن جاپان کا ارادہ ہے کہ ’اقلیتی شیئر ہولڈرز کے پاس موجود تمام بقایا حصص اور سیکیورٹیز خرید کر کمپنی کی مکمل ملکیت حاصل کی جائے، ملکیت میں اضافہ کیا جائے اور کمپنی کو پی ایس ایکس سے ڈی لسٹ کرنے پر غور کیا جائے‘۔
اس حوالے سے پی ایس ایم سی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ مجوزہ کم از کم خریداری قیمت کا تعین ریگولیشن کی ضروریات کے مطابق کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ نوٹس کے نتیجے میں پی ایس ایم سی کے حصص کی قیمت نچلی حد تک پہنچ گئی اور یہ 504.39 روپے پر بند ہوئی جو اس سے قبل 586.19 روپے کی بلند ترین سطح پر تھی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سوزوکی موٹر کمپنی (ایس ایم سی) اکثریتی حصص دار کمپنی کے اقلیتی شیئر ہولڈرز کے پاس موجود کمپنی کے ادا شدہ حصص کے سرمائے کے 2 کروڑ 21 لاکھ 45 ہزار 760 عام حصص (26.91 فیصد) کم از کم خریداری قیمت 406 روپے فی حصص پر خریدنے کی تجویز پیش کرتی ہے۔
پی ایس ایم سی نے کہا کہ اس نے عارف حبیب لمیٹڈ کو پرچیز ایجنٹ مقرر کیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ پاک سوزوکی کے آپریشنز کے نتیجے میں 2019، 2020 اور 2022 میں نقصان ہوا۔ اس کے نتیجے میں رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی یعنی 2023 تک بھی کمپنی کو نقصان ہوا ہے۔ 2019 سے 2021 کے علاوہ شیئر ہولڈرز کو منافع کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔
پی ایس ایم سی کا کہنا ہے کہ کمپنی کے اسپانسرز سمجھتے ہیں کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقلیتی شیئر ہولڈرز کو باہر نکلنے کا منصفانہ موقع فراہم کریں تاکہ وہ اپنی سرمایہ کاری کا بہترین استعمال دیگر منافع بخش طریقوں سے کرسکیں۔
یاد رہے کہ 19 اکتوبر 2023 کو پاک سوزوکی نے اسٹاک ایکسچینج سے ڈی لسٹ ہونے کا اعلان کیا تھا۔
پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کے تمام بقایا حصص خریدنے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے ڈی لسٹ کرنے کا فیصلہ کیا، اس حوالے سے کمپنی نے ایک نوٹس میں کہا تھا کہ یہ پیشرفت پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کے بعد ہوئی ہے جس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی رول بک کے سیکشن 5.14 کے تحت حصص کو ڈی لسٹ کرنے پر غور کیا گیا۔
نوٹس میں کہا گیا تھا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے رول بک کے رضا کارانہ ڈی لسٹنگ کے قواعد کے قاعدہ 5.14 کے تحت کمپنی کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے ڈی لسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے کمپنی سوزوکی موٹر کارپوریشن کے لیے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ درخواست جمع کرائے گی۔
کمپنی نے کہا تھا کہ اس کے اکثریتی شیئر ہولڈر کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کمپنی کے اقلیتی حصص یافتگان کے پاس رکھے گئے عام حصص کو ایک حد تک اور اس قیمت پر خریدے جو ضوابط کے مطابق یا پی ایس ایکس یا سیکیورٹیز کے ذریعہ متعین کی جائے۔