Aaj Logo

شائع 03 دسمبر 2023 11:55pm

یہ تاثر ختم ہونا چاہیے کہ کوئی فیورٹ ہے، یوسف رضا گیلانی

پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو معروضی حالات کے مطابق اپنے بیان دے رہے ہیں، یہ تاثر ختم ہونا چاہیے کہ کوئی فیورٹ ہے، الیکشن فری اینڈ فئیر ہونے چاہیئں۔

لودھراں میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر، الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس کی یقین دہانی کے بعد الیکشن ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ پیپلزپارٹی کسی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی، پیپلز پارٹی اپنے منشور کے ساتھ الیکشن لڑے گی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ الیکشن ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں، ہر جماعت اپنے منشور کے مطابق الیکشن میں حصہ لے گی، الیکشن کے بعد کیا صورتحال بنتی ہے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

انھوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو دونوں ایک پیج پر ہیں۔ کوئٹہ جلسے کے بعد آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان اختلاف کا تاثر زائل ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو بیک فٹ پر لے جانے سے فرق نہیں پڑتا وہ فرنٹ فٹ پر ہی کھیلے گی۔ پیپلز پارٹی سندھ میں پہلے سے زیادہ موثر اور مضبوط ہو کر ابھرے گی۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جنوبی پنجاب پسماندہ اور ٹیل کا علاقہ سمجھا جاتا ہے اس میں احساس محرومی ہے، پیپلز پارٹی نے پہلے بھی صوبے اور اس خطے کی محرومی کی بات کی ہے۔

Read Comments