Aaj Logo

شائع 03 دسمبر 2023 07:08pm

وفاقی وزیر صحت دوبئی میں کوپ 28 کانفرنس میں شرکت کریں گے

وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان دوبئی میں منعقدہ کوپ 28 کانفرنس میں کل شرکت کرینگے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق کانفرنس کے پینل گفتگو میں ماحولیات کے عالمی لیڈر وزیر صحت کے ہمراہ حصہ لیں گے۔

ڈاکٹرندیم جان کا کہنا ہے کہ کوپ 28 کانفرنس میں دنیا بھر کے دو سو ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے، کوپ 28 کا مقصد مستقبل میں صاف شفاف توانائی اور تبدیلی کی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ماحول کو نقصان دینے والی گیسوں میں کمی کے بارے میں مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جائے گی، پینل میں کاربن کے اخراج میں کمی کے سلسلے میں ماحولیات کے اہم کردار پر بھی زور دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے مزید کہا کہ کوپ 28 کانفرنس میں عملی اور ٹھوس اقدامات کی راہ ہموار ہو گی۔

واضح رہے کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ کوپ 28 میں ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی مالیات پر پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا گیا۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی پذیر ممالک کے لئے موسمیاتی مالیات کے لئے ایک توانا آواز اور پرزور حامی رہا ہے اور ترقی یافتہ دنیا کی طرف سے اقوام متحدہ کے کوپ 28 اجلاس میں پاکستان کے اس کردار کو تسلیم کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے کوپ27 میں لاس اور ڈیمیج فنڈ کی وکالت کی گئی تھی تاکہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی چیلنجز کے سامنا کرنے میں تخفیف اور خطرے میں کمی کے حوالے سے مدد کی جا سکے۔

Read Comments