پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن کے چیف الیکشن کمشنر نیازاللہ نیازی کا کہنا ہے کہ ہم بلے کے نشان پر ہی عام انتخابات میں حصہ لیں گے، اکبر ایس بابر الیکشن کو سبوتاژ کرنا چاہتے تھے۔
جیو کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ ہمیں الیکشن کے لئے صرف 20 دن دیے گئے، تاہم ہم نے رولز کے تحت الیکشن کروا دیے ہیں، امید ہے کہ پی ٹی آئی بلے کے نشان پر ہی الیکشن لڑے گی۔
نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا رولز کے مطابق ریٹرننگ افسر نے مجھے ون پینل لسٹیں دیں، اکبر ایس بابر بھی لسٹ میں تھے، وہ پارٹی کے ممبر ہیں، اگر وہ میرے پاس آتے تو یقین کریں میں ان کا فیصلہ کرتا، لیکن وہ منصوبہ بندی کے تحت پی ٹی آئی الیکشن کو سبوتاژ کرنا چاہتے تھے، وہ صرف ویڈیو بنانے کے لیے آئے تاکہ لوگوں کو بتاسکیں کہ الیکشن ہو رہا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پارٹی نے کسی کو الیکشن میں حصہ لینے سے منع نہیں کیا تھا، جن نشستوں پر الیکشن ہوئے ہمارے پاس ان نشستوں کے لیے کسی اورامیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے، اکبر ایس بابر کے بیان کو مسترد کرتا ہوں۔