آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتے کی شب پاکستان ہاؤس کینبرا میں تقریب منعقد کی جہاں انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے قومی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹیم آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور کھیلوں کے سفیر کے طور پر یہ بہترین مثال قائم کرے گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹیم کو عشائیے میں مدعو کرنے پر زاہد حفیظ چوہدری کا شکریہ ادا کیا جبکہ ٹیم مینجر نے دورے میں مثالی ڈسپلن کا مظاہرہ کرنے کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر کپتان شان مسعود نے بھی ٹیم کو مدعو کرنے پر زاہد حفیظ چوہدری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی ٹیم اس دورے میں اچھی کارکردگی کے ساتھ ساتھ مثالی رویے کا مظاہرہ کرے گی۔
یاد رہے کہ آسٹریلوی وزیر اعظم اینتھونی البانیز 5 دسمبر کو شاہینوں کے اعزاز میں تقریب سجائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے آسٹریلیاں میں موجود ہے، قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جنہیں پہلی مرتبہ کپتانی کی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 دسمبر کو ہوگا، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جب کہ تیسرا و آخری ٹیسٹ 3 جنوری 2024 کو سڈنی میں ہوگا۔