لاہور کے سروسز اسپتال کی زیر تعمیر تین منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی، ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ نگران وزیرصحت جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی بنادی ہے جو تمام شکوک وشبہات کا جائزہ لے گی۔
لاہور کے سروسز اسپتال کی تین منزلہ مرمت کی جانے والی بوسیدہ عمارت شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک زمین بوس ہوگئی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ بلاک زیر تعمیر اور خالی تھا، ٓتاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ریسکیو حکام کے مطابق 10 بج کر 45 منٹ پر سروسز اسپتال کی مرمت کی جانے والی بوسیدہ عمارت میں شارٹ سرکٹ ہوا، دھواں اٹھتے دیکھ کر عمارت میں کام کرنے والے مزدور باہر نکلے تو اچانک تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو نے فوری امدادی کارروائی کا آغاز کیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق عمارت 60 سال پرانی ہے، اس بلڈنگ میں ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگرشعبہ جات سے مریضوں کا علاج کیا جارہا تھا، کچھ ماہ سے ریویمپنگ کا کام جاری تھا، تاہم انتظامیہ کے مطابق عمارت کے گرنے کے حقائق جلد سامنے آجائیں گے۔
نگران وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کے حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی بنادی ہے جو تمام شکوک وشبہات کا جائزہ لے گی کوتاہی پر ملزمان کو سزا ملے گی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی نگران وزیر صحت پنجاب اور کمشنر لاہور بھی موقع پر پہنچے، نگران وزیر صحت کاکہنا تھا کہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، تین روز تک سی ایم آئی ٹی کمیٹی رپورٹ پیش کرے گی کوتاہی ملی تو ملزمان کو سزادی جائے گی۔