پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر نائب صدر شیر افضل خان مروت کا کہنا ہے کہ ’مجھے جھٹلانے والے خان کو جھٹلا رہے تھے‘۔
گزشتہ روز شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ عمران خان پارٹی الیکشن نہیں لڑیں گے، البتہ وہ اپنی جگہ کسی اور کو پارٹی چئیرمین شپ کیلئے نامزد کریں گے، تاہم پی ٹی آئی اور شعیب شاہین نے ان کے اس بیان کی تردید کی تھی۔
تاہم، آج بروز بدھ انٹرا الیکشن کیلئے عمران خان کی جگہ بیرسٹر گوہر کو چیئرمین شپ کے لیے نامزد کردیا گیا، اور یوں شیر افضل مروت کی بات کسی حد تک درست ثابت ہوئی۔
جس کے بعد شیر افضل مروت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر لکھا، ’اگر ساری پی ٹی آئی بھی میرے خلاف پروپیگنڈہ کرنے میں لگ جائے تو مجھے پرواہ نہیں۔ میں خان کے الفاظ کا امین رہوں گا اور خان صرف ہمارا چیرمین ہی نہیں بلکہ ہماری محبت، ہمارا جنون اور ہماری شناخت ہے۔ مجھے جھٹلانے والے آج اصل میں خان کو جھٹلا رہے تھے‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’پی ٹی آئی ورکرز اپنے اندر کے تمام ایسی کالی بھیڑوں پہ نظر جمائے رکھیں‘۔