اسلام آباد ہائی کورٹ میں فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب کی اپیل پر سماعت آج ہوگی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
احتساب عدالت نے دسمبر 2018 کو ریفرنس میں نوازشریف کو بری کیا تھا جبکہ نیب نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔
اس کے علاوہ ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم کی سزا کے خلاف اپیلیں بھی آج سماعت کے لیے مقرر ہیں۔
نواز شریف کی پیشی کے باعث اسلام آباد ہائی کورٹ کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
رجسٹرار آفس نے قواعد و ضوابط سے متعلق سرکلر جاری کردیا ہے جس کے مطابق کمرہ عدالت میں موبائل فون بجنےاوررش کے باعث تعداد کم کردی گئی ہے۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد نواز شریف کی پیشی کے موقع پر مناسب سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں:
نواز شریف کیخلاف نہ چارج صحیح فریم ہوا اور نہ نیب کو پتا تھا کہ شواہدکیا ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ
ایون فیلڈاورالعزیزیہ ریفرنسز کی سماعت سے متعلق قواعد و ضوابط کا سرکلرجاری
سرکلر کے مطابق کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلہ رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری سیکیورٹی پاسز سے مشروط ہوگا، درخواست گزار کی قانونی ٹیم اور 25 رہنماوں کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں مسلم لیگ ن کے قائد کی سزا کے خلاف سماعت کے دوران عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ نواز شریف کے خلاف نہ چارج صحیح فریم ہوا اور نہ نیب کو پتا تھا شواہد کیا ہیں۔