نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اربوں ڈالر کے سمجھوتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان توانائی، پورٹ آپریشنز پروجیکٹس، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سیکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
متحدہ عرب امارات پاکستان میں 20 سے 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا۔
نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر نگراں وزیراعظم کا ویڈیو پیغام شئیر کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علاقائی استحکام اور اسٹریٹجک تعاون کے حوالے سے بھی نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نئے دور کے آغاز پر پاکستان اور یو اے ای کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج شیخ محمد بن زایدالہنیان نے دوطرفہ تعلقات کو ایک نئی جہت دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دستخط کی تقریب میں آرمی چیف نے بھی شرکت کی، تقریب میں وفاقی وزراء اور یو اے ای کے وزراء نے بھی شرکت کی۔
انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے معاہدوں کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جو جلد سامنے آئیں گے۔
واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ اس وقت یو اے ای کے دورے پر ہیں۔
اس سے قبل انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ دوست ممالک نگراں حکومت کے دور میں ہی پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کریں گے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا تھا کہ سرمایہ کاری کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی ہمارے اسٹیٹ بینک میں 70 بلین ڈالرز لا کر رکھ دے گا بلکہ سرمایہ کاری کا ایک طریقہ کار ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ اسپیشل فیسیلیٹیشن سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے پلیٹ فارم سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ اور اس معاملے پر ملک کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔
قبل ازیں، نگران وزیرِ اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے بھی ملاقات کی، ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یواے ای کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون کو مزید مستحکم بنانے کا عزم کیا۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے یواے ای کے اقتصادی تعاون پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ یو اے ای پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حمایت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے28ویں کوپ کانفرنس کیلئے یواے ای کی صدارت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری کے تعاون کی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مفاہمتوں سے یو اے ای پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی اور ایس آئی ایف سی کے تحت مختلف اقدامات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کو تاریخی اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس سے پاک متحدہ عرب امارات اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔