وزارت برائے منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ پاکستان کوپ 28 میں اپنا مقدمہ پیش کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کوپ 28 کیلئے پائیدار مستقبل کے فریم ورک کے ساتھ پاکستان کو مزید ہم آہنگ کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جو عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے، ہم موسمیاتی مشکلات کے خلاف ایک وسیع جنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔
وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کو درپیش خطرات واضح طور پر نمایاں ہیں، ورلڈ بینک کے مطابق ملک کو شدید موسمی چیلنجز سے نبرد آزما ہونا پڑا، بلوچستان میں حالیہ سیلاب اس رجحان کی بڑی مثال ہے، سیلابوں نے نہ صرف مقامی آبادیوں کو بڑے پیمانے پر تباہی سے دوچار کیا بلکہ موسمیاتی حکمت عملیوں کی فوری ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔
وزارت منصوبہ بندی کے مطابق ان غیرمتناسب اثرات نے کوپ۔28 جیسے بین الاقوامی فورمز کی اپنی جانب توجہ مبذول کرائی ہے، جہاں قوم کی کوششوں اور چیلنجوں کو عالمی سطح پر جانچا جائے گا۔
وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کے ردعمل کا مرکز نیشنل اڈاپٹیشن پلان 2023 ایک جامع فریم ورک ہے، جس کا مقصد لچک اور پائیداری کو فروغ دینا ہے۔
وزارت منصوبہ بندی پاکستان کے مستقبل کو ایک پائیدار مستقبل کے لائحہ عمل کے ساتھ ترتیب دے رہی ہے، نیپ 2023 چھ اہم ستونوں کے گرد تشکیل دیا گیا ہے، ان ستونوں میں آبی وسائل کا انتظام شامل ہے۔