Aaj Logo

شائع 26 نومبر 2023 07:45pm

’ٹائیگر 3‘ گلوکارہ کا یونیورسٹی میں کانسرٹ، بھگڈر سے کئی طلباء ہلاک 50 سے زائد زخمی

بھارت کی کوچین یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (CUSAT) میں ٹیک فیسٹیول کے دوران بھگدڑ جیسی صورت حال پیدا ہونے سے کم از کم چار طلباء ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

یہ واقعہ کیرالہ ایرناکولم میں کالج کے سالانہ فیسٹیول میں گلوکارہ نکیتا گاندھی کے میوزک کنسرٹ کے دوران پیش آیا۔

کانسرٹ کا انعقاد یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں کیا گیا جس میں ایک ہزار سے پندرہ سو افراد کی گنجائش تھی۔

آڈیٹوریم میں داخلے کی اجازت صرف اُن طلبا کو تھی جن کے پاس کانسرٹ کی ٹکٹ تھی، لیکن گلوکارہ نکیتا گاندھی کے اسٹیج پر آنے سے پہلے ہی بارش شروع ہوگئی تھی۔

کیرالہ کے اعلیٰ تعلیم کے وزیر آر بندو نے بتایا کہ کنسرٹ کے دوران بارش شروع ہونے پر طلباء نے بھاگنا شروع کر دیا جس کی وجہ سے بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔ کچھ طلبہ جلد بازی میں سیڑھیوں سے گر گئے۔

کوچی میونسپل کونسلر کے مطابق، ’ایک ہی گیٹ سے باہر نکلنے اور داخل ہونے سے بھگدڑ مچ گئی۔ طلبہ اسی گیٹ سے داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ جو طلباء کھڑی سیڑھیوں سے داخل ہو رہے تھے وہ پہلے نیچے گرے اور گیٹ پر موجود بھاری ہجوم نے انہیں بار بار پیروں تلے روندا‘۔

ریاستی وزیر صحت وینا جارج کے مطابق، چار طالب علم، جن میں دو لڑکے اور دو لڑکیاں شامل ہیں، جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جب کہ 60 سے زیادہ کالاماسری میڈیکل کالج اسپتال اور قریبی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

جارج نے بتایا کہ مزید چار طلباء کی حالت نازک ہے۔

دریں اثناء کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے واقعہ پر صدمے کا اظہار کیا اور کہا کہ اس واقعہ میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

کیرالہ کے گورنر عارف محمد نے بھی متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

انہوں نے لکھا کہ ’کوچن یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں مچنے والی بھگدڑ میں چار طلباء کی افسوسناک موت کے بارے میں جان کر گہرا صدمہ اور غم ہوا۔ ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں‘۔

Read Comments