تحریک انصاف نے کرک میں ورکرز کنونشن کا اعلان کیا ہے جب کہ ضلعی انتظامیہ نے کرک میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے اور قائدین اور کارکنان کے گھروں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
کرک میں پی ٹی آئی نے آج ضلعی سطح پر کنونشن کا اعلان کیا ہے اور وائس چیئرمین شیر افضل مروت نے بھی کنونشن کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کردیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو کنونشن کی اجازت نہیں دی، اور ضلع نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، تاہم مقامی قائدین اور ورکرز کا ہر صورت آج کنونشن کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ نے کنونشن روکنے کیلئے دیگر اضلاع سے پولیس طلب کرلی ہے اور پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی قائدین اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس نے ضلع کے حدود میں داخلہ پوائنٹس پر ناکہ بندیاں کردی ہیں، اور تھری ایم پی او اور 144 کے تحت گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔