امیرِ جماعتِ اِسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ظلم کے وقت غیر جانبدار لوگ باطل کے ساتھ ہوتے ہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ خاموش رہ کراسرائیل کا ساتھ دے رہی ہیں، انہیں پتہ ہے اگر انہوں نے احتجاج کیا تو امریکا ناراض ہو جائے گا۔
پاکپتن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اِسلامی سراج الحق نے کہا کہ ظلم کے وقت جو غیرجانبدار ہونے کے دعویدار ہوتے ہیں وہ باطل کے ساتھ ہوتے ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ والے خاموش رہ کر اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ فلسطینیوں کے حق میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے کوئی جلوس یا احتجاج نہیں کیا، انہیں پتہ ہے اگر انہوں نے احتجاج کیا تو امریکا ناراض ہوجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کی مائیں بہنیں بیٹیاں ہماری امداد کی منتظر ہیں، عوام قومی اِداروں کو تباہ کرنے والوں کو مسترد کریں، عوام ہی اِس نورا کُشتی اور وڈیرہ شاہی کو ختم کرسکتے ہیں۔