آسٹریلیا نے 19 نومبر کو بھارت کو بھارت کے ہی شہر احمدآباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں ہرا کر عالمی اعزاز اپنے نام کیا، لیکن 21 نومبر تک کچھ پاکستانیوں نے اس اعزاز کو اپنے اعزاز میں بدل دیا۔
آسٹریلیا کی جیت کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر 21 نومبر سے ایک خط وائرل ہونا شروع ہوا۔
یہ خط مبینہ طور پر آسٹریلوی کرکٹ بورڈ ”کرکٹ آسٹریلیا“ کے چئیرمین مائیک بئیرڈ اور سی ای اور نک ہیلی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کو لکھا گیا تھا۔
خط کے متن میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’آپ کے ہنر سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے اور یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے‘۔
خط میں مزید لکھا گیا کہ ’ہم اس ٹرافی کو آپ کے نام کرتے ہیں اور بطور چیف گیسٹ آسٹریلیا آںے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ آپ کو میڈل آف دی آرڈر آف آسٹریلیا (آسٹریلیا کا سب سے بڑا سول اعزاز) پیش کیا جاسکے‘۔
اس خط کو شئیر کرنے والے تقریباً تمام ہی اکاؤنٹس کا تعلق ایک مخصوص سیاسی جماعت سے ہے۔
تاہم، بظاہر یہ خط جعلی ہے، کیونکہ جب اس خط کی حقیقت جاننے کیلئے کرکٹ آسٹریلیا کے سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹ کو دیکھا گیا تو وہاں اس قسم کا کوئی خط موجود نہیں تھا، اور نہ ہی آسٹریلوی ہائی کمیشن کی جانب سے اس قسم کے خط کی کوئی تصدیق کی گئی ہے۔